دنیا
Time 23 ستمبر ، 2021

افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت جامع نہیں: ترک صدر

فی الحال طالبان کے نقطہ نظر کو دیکھ رہے ہیں: ترک صدر/ فائل فوٹو
فی الحال طالبان کے نقطہ نظر کو دیکھ رہے ہیں: ترک صدر/ فائل فوٹو

ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہےکہ افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت جامع نہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں رجب طیب اردوان نے کہا کہ طالبان کی موجودہ صورتحال اور ان کی عبوری حکومت جامع نہیں البتہ طالبان اگر مزید حلقوں پر مشتمل حکومت بناتے ہیں تو ترکی ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال طالبان کے نقطہ نظر کو دیکھ رہے ہیں، بدقسمتی سے جامع اور دیگر حلقوں پر مشتمل قیادت تشکیل نہیں دی گئی ہے، اس موقع پر ممکنہ تبدیلی کے کچھ اشارے موجود ہیں، طالبان قیادت میں مزید جامع صورتحال ہوسکتی ہے لیکن ہم نے اب تک یہ نہیں دیکھا ہے۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ اگر طالبان اس طرح کا کوئی قدم اٹھاتے ہیں پھر ہم بات چیت کے کسی نقطے پر پہنچ سکتے ہیں کہ ہم مل کر کیا کرسکتے ہیں۔

واضح رہےکہ ترکی نے افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت قائم ہونے پر مثبت رد عمل دیا تھا تاہم ترکی کا کہنا تھا کہ وہ طالبان کے عمل کی بنیاد پر ان کو تسلیم کرنے سے متعلق فیصلہ کرے گا۔

اس سے قبل کابل میں ترک سفیر نے افغان طالبان کے عبوری وزیر خارجہ امیر متقی سے ملاقات کی تھی۔

مزید خبریں :