27 ستمبر ، 2021
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل کچھ کھلاڑیوں کی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ناقص پرفارمنس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے منتخب کھلاڑیوں کی نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں بری پرفارمنس پر سلیکشن کمیٹی پر بھی تنقید ہونے لگی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں بعض کرکٹرز کی کارکردگی بہتر نہ ہوئی تو اسکواڈ میں تبدیلیاں ہو سکتی ہیں، ورلڈ کپ اسکواڈ میں تبدیلی کے لیے ابھی پی سی بی کے پاس وقت ہے، اسکواڈ میں ایک سے زیادہ تبدیلیاں بھی ہو سکتی ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اعظم خان، خوشدل شاہ، صہیب مقصود اور آصف علی کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ ٹریول ریزرو میں شامل فخر زمان 15 رکنی اسکواڈ میں شامل ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز ختم ہونے پر نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کو بورڈ نے ورلڈ کپ تیاریوں کا حصہ قرار دیا تھا، اسی وجہ سے پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ کے کھلاڑیوں کی ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت کو یقینی بنایا ہے۔