27 ستمبر ، 2021
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کا کہنا ہےکہ شہباز شریف اور سلیمان شہباز کی مبینہ بریت کی خبر درست نہیں اور اس حوالے سے تفتیش نہ کرنے کا فیصلہ این سی اے کا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف اور سلیمان شہباز کی کوئی بریت نہیں ہوئی اور نہ کوئی ٹرائل تھا، نیشنل کرائم ایجنسی نے فنڈز منجمد کیے تھے اور این سی اے نے ان فنڈز کی مزید کوئی تفتیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
مشیر داخلہ و احتساب نے کہا کہ سلیمان شہباز اپنے اور والدکے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں احتساب عدالت کے مفرور ہیں، نیشنل کرائم ایجنسی نے فنڈز کی تفتیش روکنے کا حال ہی میں فیصلہ کیا ہے، این سی اے نے یہ فنڈز عدالت کے ذریعے ریلیز کرنے پر اتفاق کیا لہٰذا ریلیز آرڈر کا مطلب نہیں کہ فنڈز جائز ذرائع سے وصول ہوئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ این سی اے نے سلیمان شہباز اور بعض اہل خانہ کے خلاف تفتیش ریکوری یونٹ یا نیب کی درخواست پر نہیں کی تھی، یہ ایک بینک کی این سی اے کو مشکوک ٹرانزکشن سےمتعلق دی گئی اطلاع کا نتیجہ ہے، سلیمان شہباز کی طرف سے بعض فنڈز 2019 میں پاکستان سے برطانیہ منتقل کیے گئے، یہ فنڈز برطانوی حکام اور این سی اے نے مشکوک ٹرانزکشن قراردی تھی جب کہ این سی اے نے ان فنڈز کے خلاف عدالت سے منجمد کرنے کے احکامات لیے تھے۔