کھیل
Time 29 ستمبر ، 2021

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے استعفیٰ دے دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے استعفیٰ دے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم خان نے گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو استعفیٰ پیش کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی تصدیق کردی ہے کہ وسیم خان نے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور بورڈ آف گورنرز  اس معاملے پر غور کرے گا۔

پی سی بی نے چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کے استعفے کے معاملے پر ویڈیو لنک پر آج دوپہر اجلاس طلب کرلیا ہے۔

رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں نئی انتظامی ٹیم لائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم خان پی سی بی میں اپنے آفس میں موجود ہیں، فوری طور پر نئے سی ای او کی تقرری کا امکان نہیں ہے۔

وسیم خان کے عہدے کی معیاد فروری میں ختم ہورہی ہے۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ کے معاملات سابق کرکٹر کو دینے کی تجویز ہے، انگلش بورڈ کی طرز  پر ڈائریکٹر کرکٹ لانے کی تجویز زیر غور ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کا بورڈ آف گورنرز چیف ایگزیکٹو کا استعفیٰ منظور کر لےگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم خان اختیارات میں کمی کے معاملے پر ناخوش تھے۔ وسیم خان نے رمیز راجہ کے ساتھ مزید معاملات نہ چلنے کی  بنیاد پر عہدے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ متعارف کروانے کا پلان بنایا گیا ہے۔

 چیف ایگزیکٹو کی جگہ اب ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ متعارف کرایا جا سکتا ہے اور قانونی پیچیدگیوں اور ان کے حل کے بعد ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ لایا جائے گا۔

 چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ نئی پوسٹ لانے کے خواہشمند ہیں جس کے بعد چیف ایگزیکٹو کے اختیارات چیئرمین کے پاس ہوں گے۔

چیئرمین کے پاس چیف ایگزیکٹو کے اختیارات کا بھی آئینی جائزہ لیا جا رہا ہے۔  چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بھی اختیارات کی کمی کے باعث مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عاقب جاوید اور معین خان کو پی سی بی میں اہم ذمہ داریاں دی جا سکتی ہیں۔ 

مزید خبریں :