Geo News
Geo News

Time 29 ستمبر ، 2021
پاکستان

این سی او سی کا 8 شہروں میں بندشیں کم کرنے کا اعلان

انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 40 فیصد ویکسینیشن کا ہدف مکمل کرنے والے 8 شہروں میں بندشیں کم کرنے کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے میڈیا سے گفتگو کی۔

اس موقع پر اسد عمر کا کہنا تھاکہ کورونا کے دوران وبا کا پھیلاؤ دیکھ کر بندشیں بڑھائی یا کم کیں، کورونا سے بچاؤ کا واحد طریقہ ویکسینیشن ہے، جب تک ویکسینیشن مکمل نہیں ہوگی بندشوں کا سامنا رہے گا۔

ان کا کہنا تھاکہ جن شہروں میں 40 فیصدآبادی کی ویکسینیشن ہوچکی وہاں بندشیں کم کررہے ہیں، ملک کے 8 شہروں میں 40 فیصد آبادی کی ویکسینیشن ہوچکی ہے اور ان شہروں میں بندشیں کم کر رہے ہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھاکہ 8 شہروں میں راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، میرپور، مظفرآباد، گلگت اور اسکردو شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ان شہروں میں یکم اکتوبر سے ان ڈور تقریبات  میں 300 اور آؤٹ ڈور ہونے والی تقریبات میں ایک ہزار تک افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی جبکہ مزار، درگاہیں اور سنیما ہال ویکسینیٹڈ شہریوں کیلئے کھولے جائیں گے اور  ہفتے میں سات دن ریسٹورنٹ اور شادی ہالز کھلے رہیں گے۔