30 ستمبر ، 2021
شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ٹراپیکل سمندری طوفان تشکیل پا رہا ہے جس کے نتیجے میں سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سائیکلون کراچی سے 300 کلومیٹر دور ہے جو کہ کراچی سمیت سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں اور تیز ہواؤں کا باعث بن سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پرکراچی میں طوفانی بارشوں کے امکان کے باعث جمعےکو اسکول بند کرنےکی افواہیں گردش کر رہی ہیں تاہم جیو ڈاٹ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ان افواہوں کی تردید کی اورکہا کہ ابھی تک سکول بندکرنےکا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
جیو ڈاٹ ٹی وی نے اس معاملے پر سندھ کے وزیرتعلیم سید سردار شاہ سے بھی متعدد بار فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم ان کی جانب سے فون کال ریسیو نہیں ہوئی۔
دوسری جانب سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اعلامیے کے مطابق، ایسوسی ایٹ انجینیئرنگ ڈپلومہ کے آج سے 2 اکتوبر تک تمام امتحانات ملتوی کردیےگئے ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ ملتوی کیےگئے امتحانات اب 9 ، 11 اور 12 اکتوبرکو لیے جائیں گے۔