30 ستمبر ، 2021
شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ٹراپیکل سمندری طوفان کی تشکیل پر محکمہ موسمیات نے تیسرا الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 12گھنٹے سے ڈپریشن مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے اور ڈپریشن کراچی کے مشرق اور جنوب مشرق سے 240کلو میٹر دور موجود ہے جب کہ ٹھٹھہ سے 200 اور اورماڑہ سے 410کلومیٹر دور ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تیز بارشیں کراچی میں اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہیں جب کہ بدین، ٹھٹھہ، حیدرآباد اور دادو میں بھی اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ سسٹم آئندہ 12 سے 18 گھنٹوں میں سائیکلونک اسٹارم بن سکتا ہے جس کے باعث سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز ہوا اور طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین میں 2 اکتوبر تک وسیع پیمانے پر بارشوں کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین میں 2 اکتوبر تک وسیع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے جب کہ میرپور خاص، تھر پارکر، عمرکورٹ، سانگھڑ اور دیگر اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی 3 اکتوبر تک بارشوں کا امکان ہے اور تین اکتوبر تک سمندر میں طغیانی اور کبھی انتہائی طغیانی رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 3 اکتوبر تک سمندر میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں ہواؤں کی رفتار بھی تیز ہے اور بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جب کہ بعض علاقوں میں معتدل بارش ریکارڈ کی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ ٹھٹھہ، بدین کی ساحلی پٹیوں سمیت سندھ کے شہروں سکھر، شکارپور، خیرپور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار اور ہلکی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
حیدرآباد ریجن کے اضلاع میں آرمی اور رینجرز ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں جب کہ تمام متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔