02 اکتوبر ، 2021
پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے مناسلو پیک پر ریئل سمٹ اور فور سمٹ کے تنازعہ کے بعد ایکبار پھر اس چوٹی کو سرکرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے گزشتہ ہفتے نیپال میں واقع دنیا کی آٹھویں بلند ترین مناسلو چوٹی کو سر کیا تھا ۔
شہروز کے ساتھ دیگر کوہ پیماؤ نے بھی اس چوٹی کو سر کیا تاہم 2 روز بعد ہی بین الاقوامی ماونٹینیئرنگ کمیونٹی میں ایک نیا تنازعہ اُٹھ کھڑا ہوا اور وہ تنازعہ تھا مناسلو کے بلند ترین مقام کا ۔
یہ دعویٰ کیا گیا کہ شہروز سمیت سیکڑوں کوہ پیما اب تک جس مقام تک پہنچتے رہے وہ حقیقی طور پر اس چوٹی کا بلند ترین مقام نہیں بلکہ فور سمیٹ ہے، حقیقی سمیٹ چند میٹر آگے ہے جس کیلئے ایک دشوار گزار راستہ ہے۔
اسی دوران نیپال کے کوہ پیما منگما جی حقیقی سمیٹ پر پہنچے ،اس کی ویڈیوز بھی پیش کردیں ،ڈرون شاٹس سے حقیقی سمیٹ اور فور سمیٹ کا فرق بھی معلوم ہوگیا جس کے بعد سے دنیا بھر کے کوہ پیما کے درمیان ایک بحث جاری ہے۔
شہروز کاشف نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ 14 آٹھ ہزار میٹر چوٹیوں کو سمٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، مناسلو کو وہ ایکبار پھر سر کریں گے۔
حالانکہ شہروز کے پاس سرٹیفکیٹ موجود ہے مگر پھر بھی وہ اخلاقی طور پر اس چوٹی کو ایکبا پھر سرکریں گے اور دوبارہ سر کرنے تک وہ اسکو اپنے ریکارڈ میں شمار نہیں کریں گے۔