دنیا
Time 02 اکتوبر ، 2021

شہری کے پیٹ سے ایک کلو نٹ بولٹ اور کیلیں نکل آئیں

متاثرہ مریض نے شراب نوشی کی عادت چھوڑنے کے بعد دھاتی اشیا کھانا شروع کردی تھیں— فوٹو:فائل
متاثرہ مریض نے شراب نوشی کی عادت چھوڑنے کے بعد دھاتی اشیا کھانا شروع کردی تھیں— فوٹو:فائل

یورپی ملک لتھوونیا میں ڈاکٹروں نے مریض کے پیٹ سے ایک کلو نٹ بولٹ اور کیلیں نکال لیں۔

رپورٹس کے مطابق لتھوونیا کے شہر کلائیپدا میں ڈاکٹروں کے سامنے عجیب و غریب قسم کا کیس آیا ہے جہاں متاثرہ مریض نے شراب نوشی کی عادت چھوڑنے کے بعد دھاتی اشیا کھانا شروع کردی تھیں۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ شہری کو پیٹ میں درد کی شکایت پر اسپتال لایا گیا جہاں اس کے ایکسرے ہوئے تو معدے میں کیلیں اور نٹ بولٹ پائے  جانے کا انکشاف ہوا۔

ڈاکٹروں کے مطابق مریض کے پیٹ میں 10 سینٹی میٹرز تک دھاتی اشیاء موجود تھیں۔

متاثرہ مریض کا آپریشن کرنے والے سرجن کا کہنا ہے کہ 3 گھنٹے کے آپریشن کے بعد شہری کے معدے کو صاف کردیا گیا ہے اور تمام دھاتی اشیا بھی نکال دی ہیں۔

اسپتال نے مریض کے پیٹ کا ایکسرے کی تصاویر بھی مقامی میڈیا کو فراہم کی ہیں تاہم شہری کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق آپریشن کے بعد متاثرہ مریض کی طبیعت بہتر ہے۔

مزید خبریں :