کھیل
Time 03 اکتوبر ، 2021

بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین7ہزار رنز مکمل کرنے والے بیٹسمین بن گئے

بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 7000 رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں —فوٹو:پی سی بی
بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 7000 رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں —فوٹو:پی سی بی 

کراچی: پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 7 ہزار رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔

 انہوں نے یہ سنگ میل 187 اننگز میں عبور کرکے ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بیٹسمین کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا، گیل نے 192 اننگز میں 7 ہزار رنز ٹی ٹوئنٹی رنز کا سنگ میل عبور کیا تھا۔

بابر اعظم نے یہ ریکارڈ قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ میں سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ میں عبور کیا، اس میچ سے قبل بابر اعظم کو7 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے چار رنز درکار تھے ۔

بابر اعظم اس سے قبل تیز ترین 6 ہزار رنز کرنے والے ایشین بیٹسمین بھی رہ چکے ہیں،6 ہزار رنز مکمل کرنے میں وہ کرس گیل سے صرف3 اننگز پیچھے تھے مگر انہوں نے6 ہزار سے 7 ہزار رنز کا سفر 22اننگز میں مکمل کیا۔

بابر اعظم نے کم سے کم اننگز کے ساتھ کم سے کم وقت میں بھی تیز ترین 7 ہزار رنز کا ریکارڈ اپنے نام کیا، بابر اعظم نے ڈیبیو کے8 سال10 ماہ میں یہ سنگ میل عبور کیا ۔

بابر اعظم 9 سال سے کم وقت میں7 ہزارٹی ٹوئنٹی رنز مکمل کرنے والے پہلے بیٹسمین ہیں۔

یاد رہے کہ اس سال اپریل میں بابر اعظم نے تیز ترین 2 ہزار انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی رنز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا، اس ریکارڈ کے کیلئے انہوں نےبھارت کے ویرات کوہلی کو 4 اننگز سے پیچھے چھوڑا تھا۔

مزید خبریں :