Time 04 اکتوبر ، 2021
پاکستان

آف شور کمپنیوں کے زیر استعمال ایڈریس اور وزیراعظم کے پتے میں مماثلت

حادثاتی طور پر دو آف شور کمپنیوں کا ایڈریس وزیراعظم عمران خان کی لاہور میں رہائش گاہ کے پتے جیسا ہی ہے۔فوٹو: فائل
حادثاتی طور پر دو آف شور کمپنیوں کا ایڈریس وزیراعظم عمران خان کی لاہور میں رہائش گاہ کے پتے جیسا ہی ہے۔فوٹو: فائل

لاہور کے زمان پارک میں مکان نمبر 2 کے حقیقی مالک کا معاملہ معمہ بن گیا ہے کیونکہ پنڈورا پیپرز میں انکشاف ہوا ہے کہ لاہور کا یہ پتہ دو آف شور کمپنیوں کے زیر استعمال رہا ہے۔

حادثاتی طور پر یہ ایڈریس وزیراعظم عمران خان کی لاہور میں رہائش گاہ کے پتے جیسا ہی ہے۔ لاک گیٹ انوسیمنٹس لمیٹڈ اور ہاک فیلڈ لمیٹڈ دونوں کا ایڈریس بھی مذکورہ پتے پر ہی ہے جبکہ فرید الدین خان ولد سعید الدین خان کو دونوں کمپنیوں کا مالک بتایا گیا ہے۔

دونوں کمپنیاں مشرقی افریقا کے قریب واقع جزائر پر مشتمل ملک سیشیلز میں رجسٹرڈ ہیں، یہ کمپنیاں سیشیلز میں دو ڈائریکٹرز آندرس میکسمینو سانچز اور موئرا اتزل گویرا کے ذریعے سے چلائی جا رہی ہیں۔

ہاک فیلڈ لمیٹڈ کی پاور آف اٹارنی فرید الدین کے پاس ہے جس کا ثبوت انگلینڈ اور ویلز کی عدالت کی جانب سے کیس نمبر ( HQ09X03008 ) میں بھی ملتا ہے۔

انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹیو جرنلسٹس کی جانب سے دی گئیں فائلز میں آف شور کمپنیوں اور اس سے مستفید ہونے والے مالکان کی معلومات پر ہر کیس کا الگ الگ معاملہ رہا ہے، دی نیوز نے بھی ان فائلز کا جائزہ لیا ہے۔

مخصوص کیسز میں کمپنیوں کی معلومات، ان کے آپریشنز، ان کے اثاثے، ان کی قیمت اور بینک کے کھاتوں کے حساب کا ذکر بھی ہوتا ہے تاہم مذکورہ دونوں کمپنیوں میں صرف بنیادی معلومات ہی دستیاب تھیں۔

آئی سی آئی جے نے مذکورہ معاملے پر وزیراعظم عمران خان کو تحریری طور پر لکھ کر بھیجا۔ اس کے جواب میں معاون خصوصی برائے وزیراعظم شہباز گل نے بتایا کہ عمران خان کا مذکورہ دونوں کمپنیوں کی شخصیات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زمان پارک کے دو داخلی راستے ہیں، ایک راستہ کینال روڈ سے ہے جبکہ دوسرا سنداس روڈ سے ہے۔ مذکورہ رہائش گاہوں کے نمبر ایک جیسے ہی ہیں تاہم وزیراعظم کی رہائشگاہ کینال روڈ سے نمبر دو پر ہے جبکہ مذکورہ شخص جس کا نام سامنے آیا ہے اس کے گھر کا پتہ سندس روڈ سے دو نمبر پر ہے۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ یہ دونوں رہائش گاہیں علیحدہ علیحدہ ہیں اور یہ ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی بھی نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرید خان کا وزیراعظم سے کوئی براہ راست تعلق بھی نہیں ہے تاہم ایک اور ذرائع نے بتایا کہ فرید خان عمران خان کے ننھیال میں سے دور کا رشتہ دار ہے۔

دی نیوز نے فرید الدین سے بھی رابطہ کیا تاہم انہوں نے بھی گھر کے ایڈریس کے حوالے سے شہباز گل کا مؤقف ہی دہرایا اور بتایا کہ جب وہ برطانیہ میں رہائش پذیر تھے تو اس وقت لاک گیٹ انویسمنٹس ان کی اپنی کمپنی تھی۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہاک فیلڈ ان کے ایک دوست کی کمپنی تھی جنہوں نے انہیں ایک وقت پر اپنا اٹارنی مقرر کیا تھا۔ اسی لیے دوسری کمپنی کا بھی اسی نسبت سے ان سے تعلق جوڑا گیا ہے۔

مزید خبریں :