Time 08 اکتوبر ، 2021
پاکستان

سندھ: رواں سال اب تک کانگو کے 6کیسز رپورٹ

اس سال سندھ میں کانگو سے متاثرہ 2 افراد کا انتقال ہوا: محکمہ صحت سندھ/ فائل فوٹو
اس سال سندھ میں کانگو سے متاثرہ 2 افراد کا انتقال ہوا: محکمہ صحت سندھ/ فائل فوٹو

رواں سال اب تک صوبہ سندھ  میں کانگو کے 6 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کانگو کے 2 کیسز اگست اور4 کیسز ستمبرمیں سامنے آئے تھے جب کہ اس سال سندھ میں کانگو سے متاثرہ 2 افراد کا انتقال ہوا۔

محکمہ صحت کا بتانا ہے کہ کانگو سے انتقال کرجانے والے  دونوں افراد کا تعلق کراچی کے ضلع سینٹرل سے ہے  جب کہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی بات کی جائے تو کراچی کے ضلع ملیر، ضلع غربی، ضلع شرقی سے ایک ایک جب کہ لاڑکانہ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ سے  بھی کانگو کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

دوسری جانب کراچی اور قمبر شہداد کوٹ کے کانگو  متاثرہ 4 افراد کراچی میں زیر علاج ہیں۔

کانگو وائرس ہے کیا؟

خیال رہے کہ  کانگو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والا مرض ہے ،کانگو وائرس  مختلف جانوروں مثلاً بھیڑ، بکریوں، گائے، بھینس اور اونٹ کی جلد میں پایا جاتا ہے۔

 کانگو  وائرس سے  متاثرہ جانور ذبح کرنے کے دوران کسی شخص کے ہاتھ میں کٹ لگ جائے تو یہ وائرس انسانی خون میں شامل ہو جاتا ہے۔

علامات

 کانگو وائرس کا مریض تیز بخار میں مبتلا ہوتا ہے اور اسے سردرد، متلی، قے، بھوک میں کمی، کمزوری، منہ میں چھالے اور آنکھوں میں سوجن ہوتی ہے۔

احتیاط

کانگو وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے لمبی آستینوں والی قمیض کا استعمال کرنا چاہیے۔

مزید خبریں :