Time 08 اکتوبر ، 2021
دنیا

فوجی تصادم نہیں چاہتے مگر اپنی آزادی کا دفاع کرینگے: تائیوان

تائیوان خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ کام کرے گا: صدر سائی اینگ وین/ فائل فوٹو
تائیوان خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ کام کرے گا: صدر سائی اینگ وین/ فائل فوٹو

تائیوان کی صدر نے ہر صورت میں اپنی آزادی کے دفاع کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تائیوان اور چین کے درمیان جاری کشیدگی کے موقع پر تائیوان کی صدر سائی اینگ وین نے کہا کہ تائیوان فوجی تصادم نہیں چاہتا لیکن اپنی آزادی کے دفاع کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے۔

تائیوان کی صدر نے پڑوسی ممالک کے ساتھ پرامن،مستحکم، باہمی تعلقات کی امید کا اظہار کیا تاہم اسی دوران انہوں نے جمہوری انداز میں اپنی آزادی کے دفاع کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

سائی اینگ وین نے مزید کہا کہ تائیوان خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ کام کرے گا، ہم مشرقی و جنوبی چین اور تائیوان کے سمندروں میں مسلح تصادم روکنے کے لیے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب چین اور تائیوان کے درمیان جاری کشیدگی میں چین کا کہنا ہےکہ وہ اپنی سکیورٹی اور خودمختاری کا تحفظ کررہا ہے۔

چین کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہےکہ کہ امریکا تائیوان کا سب سے اہم حمایتی اور اسے اسلحہ فراہم کرنے والا ملک ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں تائیوان نے دعویٰ کیا تھا کہ چین کے 150 فوجی طیاروں نے اس کے ائیرڈیفنس زون کی خلاف ورزی کی ہے جب کہ اس سے قبل بھی تائیوان چین کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی سے متعلق بیان دیتا آیا ہے۔ 

مزید خبریں :