دنیا
Time 08 اکتوبر ، 2021

سعودی عرب سے مذاکرات درست سمت میں جارہے ہیں، ایرانی وزیر خارجہ

ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کا تسلسل دونوں ممالک اور خطے کے مفاد میں ہے، حسین امیرعبدالہیان— فوٹو:فائل
ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کا تسلسل دونوں ممالک اور خطے کے مفاد میں ہے، حسین امیرعبدالہیان— فوٹو:فائل

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبدالہیان نے کہا ہے کہ  ایران سعودی مذاکرات درست سمت میں جارہے ہیں جبکہ سعودی ایران بات چیت کے نتائج ملے ہیں۔

لبنان میں میڈیا سے گفتگو میں حسین امیر کا کہنا تھاکہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کا تسلسل دونوں ممالک اور خطے کے مفاد میں ہے جبکہ خطے کی پائیدار سلامتی کیلئے سعودی عرب اور ایران کا کردار اہم حیثیت رکھتا ہے۔

مذاکرات کے حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ سعودی ایران بات چیت کے نتائج ملے ہیں لیکن ابھی مزید مذاکرات کی ضرورت ہے، بات چیت میں ہونے والے سمجھوتوں کا اعلان دونوں فریقین مناسب وقت پر کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تجاکہ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ پہلے بھی ایران کا نہیں سعودی عرب کا تھا، جس طرح سعودی عرب خطے کا اہم ملک ہے اسی طرح ایران بھی ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان بات چیت کا آغاز رواں برس ہوا ۔ سعودی عرب اور ایران کے سفارتی تعلقات 2016 میں اس وقت منقطع ہوگئے تھے جب سعودی عرب میں شیعہ عالم کو پھانسی دینے پر ایران میں سعودی سفارتی مشن پر حملہ کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :