کھیل
Time 09 اکتوبر ، 2021

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ، ناردرن نے بلوچستان کو شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

ناردرن نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی— فوٹو: پی سی بی
ناردرن نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی— فوٹو: پی سی بی

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے 26 ویں میچ میں ناردرن نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

عبداللہ شفیق اور امام الحق کی نصف سنچریو ں کی بدولت بلوچستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔

عبداللہ شفیق نے 44 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 73 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان امام الحق نے 39 گیندوں پر 7 چوکوں کی بدولت 50 رنز بنائے۔

ناردرن کے زمان نے 3 جبکہ نعمان علی، عامر جمال، سہیل تنویر اور موسیٰ خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ناردرن کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ علی عمران نے ناصر نواز کے ہمراہ 60 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی تاہم ناصر نواز 3 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد ذیشان ملک کریز پر آئے اور ناردرن کی جانب سے رنز بنانے کی رفتار مزید تیز کردی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 88 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے میچ میں ناردرن کی پوزیشن مستحکم کردی۔ 

علی عمران 44 گیندوں پر 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ذیشان ملک نے 35 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

ایسے میں ناردرن کا مڈل آرڈر مکمل طور پر فلاپ ہوگیا اور محض 23 رنز پر اس کے چارکھلاڑی پویلین واپس لوٹے تو ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی۔ ایک موقع پر میچ میں مکمل گرفت رکھنے والی ناردرن کو میچ جیتنے کیلئے آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے تاہم پیسر جنید خان اس کا کامیابی سے دفاع نہ کرسکے۔

سہیل تنویر نے آخری اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر ناردرن کو فتح دلادی، یوں ناردرن نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

بلوچستان کے عمید آصف اور عماد بٹ نے 2،2 جبکہ کاشف بھٹی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ناردرن کی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے جبکہ خیبرپختونخوا، سینٹرل پنجاب اور سندھ 10، 10 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجو د ہیں۔

بلوچستان 6 اور سدرن پنجاب 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔

مزید خبریں :