Time 11 اکتوبر ، 2021
بلاگ

کپتان جی شکریہ!

عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد کے دو بنیادی نکات ،ریفارمز، بلاامتیاز احتساب، تحریک انصاف منشور کے دو بڑے وعدے۔

ایک ادارہ جاتی اصلاحات ،دوسرا، چوروں ،ڈاکوؤں ،لٹیروں کو نشانِ عبرت بنانا،عمران خان نے بیسوؤں مرتبہ کہا اقتدارملا اداروں کو مضبوط، آزاد، خودمختار بناؤں گا، ملک لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا، عمران خان آئے روز کہا کرتے اقتدار ملا تو کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہوگی اور پھر عمران خان کو اقتدار مل گیا، وہ وزیراعظم بن گئے ، پھر جب کپتان نے ق لیگ، جسے وہ ڈاکو لیگ کہا کرتے تھے، سے اتحاد کیا تو ہم سب یہ سوچ کر چپ رہے کہ یہ کپتان کی سیاسی مجبوری ، جب ایم کیو ایم سے ہاتھ ملایا جسے وہ بھتہ خور،قاتل کہا کرتے تھے تو ہم یہ سوچ کر چپ رہے کہ کپتان نے اس ایم کیو ایم سے ہاتھ ملایا جو مائنس قائد تحریک ،کپتان نے جب نیب کے ملزموں کو پروڈکشن آرڈر پر اسمبلی اجلاسوں میں بلایا۔

جب کوٹ لکھپت جیل میں قید شہباز شریف جن پر پبلک منی خوردبرد کے الزامات ہیں، انہیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنایا ،جب مجرم نواز شریف کا ساڑھے 6 گھنٹے کابینہ اجلاس کے بعد نام ای سی ایل سے نکال کر لندن بھجوایا،جب پچھلی حکومتوں کے’ متنازعہ‘ لوگوں کو وزیر بنایا ،جب اپنے دوستوں ،کابینہ ممبران کے ’کارناموں ‘پر آنکھیں موند لیں ،جب یوٹرن پر یوٹرن مارے، جب پہلا نیب ترمیمی آرڈیننس لے آئے، جب ہر شاخ پر سائیں بزدار بٹھا دیا، جب بیڈ گورننس ،بیڈ پرفارمنس کے عملی نمونے دکھائے، جب معیشت کے ٹائی ٹینک میں سوراخ در سوراخ کیے اور جب مہنگائی اوربے روزگاری غربت کو آسمان تک پہنچایا۔

تب بھی ہم یہ سوچ کر خاموش رہے کہ کپتان خود ایماندار ،صاف نیت ،ملک کیلئے کچھ ضرور کرے گا ،کپتان کو وقت ،موقع دینا چاہئے ، ہمیں اپنے کپتان پر بھروسہ تھا کیونکہ ہم تو اس کپتان کو جانتے تھے جو کہا کرتا تھا کہ 90 دنوں میں کرپٹس کو اندر کر دوں گا، 3 مہینوں میں کرپشن مُکا دوں گا ،3 مہینے کیلئے نیب مجھے دیدو ملک کرپشن فری کر دوں گا ، ہم تو اس کپتان کو جانتے تھے جو کہا کرتا تھا عمران خان وزیراعظم بنا تو سب سے پہلے احتساب وزیراعظم عمران خان کا ہوگا، پھر عمران خان کی کابینہ کا ہوگا او ر پھر احتساب نیچے جائے گا۔

ہم تواس کپتان کو جانتے تھے کہ جو کہا کرتا تھا میں اقتدار میں آکر اداروں کو اتنا مضبوط کردوں گا کہ وہ کرپشن ہونے ہی نہیں دیں گے ، اداروں کو اتناخود مختار ،آزادبنا دوں گا کہ وہ بلا خوف وخطر وزیراعظم اور اس کی کابینہ پر چیک رکھیں گے ،اور اس پر تو ہم جھوم جھوم جاتے جب کپتان کہتا ’’میں کسی کو این آراو نہیں دوں گا‘‘،جب بھی مایوسی ہونے لگتی تو ’میں کسی کو این آر او نہیں دوں گا‘ سن کر پھر سے خوش ہوجاتے کیونکہ ہمیں یقین تھا دنیا اِدھر کی اُدھر ہوجائے مگر کپتان کسی کو این آر او نہیں دے گا۔

لیکن پھر کپتان نیب تر میمی آرڈیننس 2021لے آیا ،3سالہ اقتدار میں سومرتبہ میں کسی کو این آر اونہیں دوں گا کہنے والے کپتان نے این آر اودے دیا اپنوں کو،این آر او دیدیا اپوزیشن کو، این آر اودیدیا بیوروکریسی کو، این آر او دیدیا تاجروں کو ،کپتان جس کا سب سے بڑا وعدہ ،نعرہ ،دعویٰ تھا احتساب کااسی کپتان نے بقلم خود احتساب کا جنازہ پڑھا دیا، وہ کپتان جس نے کرپشن مُکانی تھی ،کرپٹوں کو اندر کرناتھا، اُسی کپتان نے کرپٹوں کو پتلی گلی سے نکال دیا، کرپشن حلال کردی اور وہ کپتان جس نے نیب کو مضبوط کرنا تھا اسی کپتان نے نیب کے پرکاٹ دیئے ،نیب کو ’ٹوتھ لیس ‘ کر دیا، یوں خیر سے کپتان کا نیب ترمیمی آرڈیننس آڈٹ لیس ،پرفارمنس لیس جمہوریت کیلئے نئی زندگی بنا۔

خیر سے کپتان کا نیب ترمیمی آرڈیننس جھوٹ ، دس نمبری، منافقت بھری سیاست کیلئے خوش خبری ثابت ہوا، خیر سے کپتان کا نیب ترمیمی آرڈیننس آل بچاؤ، مال بچاؤ ،کھال بچاؤ کیلئے بمپر آفرہوا۔ یہاں یہ ضرور کہنا ، حیرت اپوزیشن کی دونمبری، منافقت پر، اس آرڈیننس پرتو ان کادل باغ باغ ہوجانا چاہئے ،کیونکہ ان کے تو میثاقِ جمہوریت میں تھا نیب کو ختم کرنا ،ان کے امام خمینی نوازشریف کہہ چکے نیب کے پر کاٹنے ہیں ، ان کے ایک زرداری سب پر بھاری کہہ چکے نیب اور معیشت ،نیب اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، ان کے شہباز شریف کہہ چکے نیب آمر کا تحفہ اسے ختم کر دینا چاہئے۔

ان کے مولانا کہہ چکے نیب کو تالا ماردینا چاہئے، ان کے بلاول بھٹو کہہ چکے نیب ظالم ،نیب کالے قوانین والا، ان کی مریم نواز کہہ چکی نیب جیسا ادارہ جمہوریت پر ظلم ،پوری اپوزیشن آئے روز نیب کو لتاڑتی رہی ،پوری اپوزیشن آئے روز نیب پر چڑھائیاں کرتی رہی ،پوری اپوزیشن نیب کے اختیارات سے تنگ تھی،لہٰذا ا نیب ترمیمی آرڈیننس پر تو اپوزیشن کو کپتان کا شکرگزار ہوناچاہئے ، کپتان کو مبارکباد دینی چاہئے، بنی گالہ مٹھائی بھجوانی چاہئے، اپوزیشن کو توباجماعت بھنگڑے اور دھمالیں ڈالنی چاہئیں۔

جس طرح کپتان کے پہلے نیب ترمیمی آرڈیننس کی بدولت راجہ پرویز اشرف ایک کیس سے چھوٹ گئے تھے اسی طرح اس نیب ترمیمی آرڈیننس کی برکت سے 56 کمپنی اور آشیانہ کسیوں سے شہباز شریف سرخروہوجائیں گے،شاہد خاقان عباسی ،مفتاح اسماعیل ،احسن اقبال سمیت 18 اپوزیشن سیاستدان فیض یاب ہوں گے ، کپتان کے نیب ترمیمی آرڈیننس سے آٹا ،گندم ،چینی، ایل این جی ،مالم جبہ ،بی آرٹی سمیت 9 اسکینڈلز سے کپتان کے کھلاڑیوں کو بھی کلین چٹ مل جائے گی ،کیا کمال آرڈیننس ،حکومت بھی فیض یاب ،اپوزیشن بھی فیض یاب ،مجھے امید اس آرڈیننس کے بعد اب اسد عمر کھل کھلا کر ترقیاتی فنڈز خرچ کر سکیں گے، شوکت ترین ملک میں سرمایہ کاروں کی لائنیں لگادیں گے۔

بیوروکریسی 24گھنٹے کام کرے گی، تاجر ملک میں منصوبوں کی بھرمار کر دیں گے ، مطلب عوامی خوشحالی ، ملکی ترقی کا دور شروع ہونے والا ، سب دعا کرو،سپریم کورٹ آرڈیننس کالعدم قرار نہ دیدے ،جاتے جاتے اپنے پیارے کپتان سے یہ ضرور کہنا، کپتان آپ کے دو بڑے وعدے ،اصلاحات ہو نہ سکیں ،احتساب کا جنازہ نکال دیا۔

کپتان جی شکریہ۔


جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔