11 اکتوبر ، 2021
لاہور : وحدت کالونی میں نوجوان پر تشدد کا واقعہ 7 اکتوبر کو پیش آیا جہاں مخالفین نے بھرے بازار میں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس پر کتا چھوڑ دیا۔
واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے حوالے سے ایس ایچ او اور ایس پی کے متضاد بیانات سے قانونی کارروائی کھٹائی میں پڑ گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چار افراد نوجوان پر تشدد کرتے ہیں، گھونسوں اور لاتوں کے بے دریغ استعمال کے بعد گریبان سے پکڑ کر بیچ چوراہے میں لاتے ہیں اور پھر پالتو کتا اس پر چھوڑ دیتے ہیں تاہم محلے داروں نے بیچ بچاؤ کروایا اور زخمی نوجوان عاصم سبحانی کو اسپتال منتقل کیا۔
متاثرہ نوجوان نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزمان نے پولیس کو مخبری کرنے کے الزام میں تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے کی تھانے میں درخواست دی لیکن مقدمہ درج نہ ہوا۔
ادھر پولیس کے بیانات میں بھی تضاد ہے اور ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر رضا تنویر نے کہا کہ معلوم نہیں لیکن واقعہ کا مقدمہ درج ہوچکا ہوگا جب کہ تھانہ وحدت کالونی کے ایس ایچ او کے مطابق دونوں پارٹیوں میں لین دین کا تنازع ہے، دونوں کے خلاف لڑائی جھگڑے کی رپورٹ درج کرلی گئی تھی تاہم فریقین کو طلب کر لیا ہے۔