دنیا
Time 11 اکتوبر ، 2021

چین میں بارشوں نے تباہی مچادی، 18 لاکھ افراد متاثر

شین زی صوبے میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث 70 اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہوئے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
شین زی صوبے میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث 70 اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہوئے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

چین کے شمالی صوبے شین زی میں ہونے والی طوفانی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے اور لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔

چینی میڈیا کے مطابق شین زی میں گزشتہ ہفتے ہونے والی شدید بارشوں کے باعث صوبے کے 70 اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکانات تباہ ہونے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق کئی روز سے جاری بارش کے باعث صوبے میں17 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد شدید متاثر ہوئے۔  

چینی حکام کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال کے پیش نظر فوری طور پر ایک لاکھ 20 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ مختلف حادثات میں 17000 کے قریب مکانات تباہ ہوئے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 4 پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوئے تاہم حکام کی جانب سے دیگر ہلاکتوں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

ریسکیو اہلکار بچوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا
ریسکیو اہلکار بچوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

چین کے محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں کے باعث فلاحی کاموں میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق شین زی میں پیدا ہونے والی سیلابی کیفیت صوبے ہنان میں رواں برس کے آغاز میں آنے والے سیلاب سے زیادہ تباہ کن ہے۔

ریسکیو اہلکار متاثرہ افراد کو کشتی میں محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا
ریسکیو اہلکار متاثرہ افراد کو کشتی میں محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

یاد رہے کہ چین میں حالیہ سیلانی صورت حال تین ماہ سے بھی کم عرصے میں پیش آئی، اس سے قبل چین کے صوبے ہنان میں شدید بارشوں کے باعث 300 کے قریب افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

مزید خبریں :