11 اکتوبر ، 2021
متنازع بیانات کے سبب سرخیوں میں رہنے والی بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کو بیٹے آریان کی گرفتاری پر طنز کا نشانہ بنایا۔
کنگنا نے انسٹاگرام پر مقبول ہالی وڈ اداکار جیکی چن اور ان کے بیٹے کے حوالے سے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے ماضی کا واقعہ یاد دلایا کہ کس طرح جیکی چن نے اپنے بیٹے جیسی چن کی منشیات اسکینڈل میں 2014 میں گرفتاری پر معافی مانگی تھی۔
جیسی چن کو 7 سال پہلے پولیس نے 100 گرام چرس اپنے اپارٹمنٹ میں رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا تھا۔
بیٹے کی گرفتاری کے بعد جیکی چن نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ ایک عوامی شخصیت ہونے پر دکھی ہوں، بیٹے کی صحیح دیکھ بھال نہ کرنے پر خود سے شرمندہ ہوں، اس کی ماں بھی کرب کا شکار ہے اور میں اس پر معافی کا طلب گار ہوں۔
کنگنا نے اسٹوری کے ساتھ ایک ہیش ٹیگ استعمال کیا جس سے بظاہر یوں لگتا ہے جیسے وہ شاہ رخ خان کو بیٹے کی حرکت پر معافی مانگنے کا مشورہ دے رہی ہیں۔