07 اکتوبر ، 2021
شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد متعدد بھارتی اداکاروں کی جانب سے اظہار ہمدردی کیا جارہا ہے۔
بالی وڈ کے ایکشن ہیرو ریتھک روشن نے بھی انسٹاگرام پر شاہ رخ خان کے بیٹے کے حق میں ایک طویل پوسٹ شیئر کی۔
ریتھک روشن نے آریان خان کی تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ ’میرے پیارے آریان، زندگی ایک عجیب سفر ہے، یہ بہترین ہے کیوں کہ یہ غیر یقینی ہے، یہ آپ کی طرف تیڑھی گیند پھینکتی ہے لیکن خدا مہربان ہے، وہ مضبوط لوگوں کو ہی سخت چیلنجز دیتا ہے۔‘
ریتھک کی اس پوسٹ پر متعدد بالی وڈ اداکاروں نے پسندیدگی کا اظہار کیا جن میں عالیہ بھٹ، سنجے کپور و دیگر شامل ہیں۔
خود آریان خان کی بہن اور شاہ رخ کی بیٹی سہانا خان نے بھی اس پوسٹ کو لائک کیا تاہم انہوں نے کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
ریتھک کی پوسٹ کے فوری بعد ہی بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کا بھی اس حوالے سے بیان بھی سامنے آگیا۔
کنگنا رناوت نے انسٹاگرام پر اسٹوری اپ لوڈ کرتے ہوئے کہا کہ آریان خان کی یہ غلطی انہیں بہت کچھ سکھائے گی اور انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوگا ۔
کنگنا نے کہا کہ ہم غلطیاں کرتے ہیں لیکن ہمیں ان سے سیکھنا چاہیے جبکہ اب تمام مافیا پپو آریان کے دفاع میں آگئے ہیں۔
انہوں نے ریتھک کا نام لیے بغیر لکھا کہ ’یہ اچھا ہے کہ اگر کوئی مشکل میں ہے تو اس کے بارے میں غلط باتیں نہ کی جائیں تاہم یہ مجرمانہ فعل ہے کہ انہیں یہ احساس دلایا جائے کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا۔‘
خیال رہے کہ ریتھک روشن اور کنگنا رناوت کے درمیان قانونی جنگ بھی جاری ہے اور دونوں ایک دوسرے کے سخت مخالف ہیں۔ کنگنا رناوت نے 2016 میں ریتھک روشن کو اپنا سابق عاشق قرار دیتے ہوئے ان پر سنگین الزامات لگائے تھے جس پر اداکار نے ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا جب کہ کنگنا نے بھی ریتھک کے خلاف قانونی نوٹس بھیجا تھا۔
2016 میں درج کرائی گئی ایف آئی آر میں ریتھک روشن نے دعویٰ کیا تھاکہ 2013 سے 2014 کے درمیان انہیں کنگنا رناوت کی آئی ڈی سے سیکڑوں ای میل بھیجی گئیں اور انہوں نے کنگنا کے ساتھ اپنےکسی بھی قسم کے تعلق کو بھی ردکیا تھا۔
واضح رہے کہ آریان خان کو 2 اکتوبر کو این سی بی نے ساحل پر کروز شپ پر ہونے والی پارٹی کے دوران منشیات استعمال کرنے کے کیس میں گرفتار کیا تھا، 4 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد انہیں عدالتی حکم پر 7 اکتوبر تک این سی بی کے سپرد کیا تھا۔
تاہم جمعرات کو سماعت کے بعد آریان اور دیگر 7 ملزمان کو 14 روزہ کیلئے عدالتی تحویل میں دینے کا فیصلہ کیا گیا۔