17 اکتوبر ، 2021
بالی وڈ کی سدا بہار اداکارہ ریکھا سے متعلق یہ افواہیں زیرِگردش تھیں کہ وہ ایک زمانے میں آنجہانی اداکار وِنود مہرا سے رشتہ ازدواج میں منسلک تھیں۔
بھارتی میڈیا پر ریکھا کی نجی زندگی سے متعلق آج کل ایک واقعہ زیرِ گردش ہے جو کہ ان کی سوانح عمری 'دی انٹولڈ اسٹوری' سے لیا گیا ہے۔
ریکھا اور ونود سے متعلق افواہیں تھیں کہ دونوں نے 1980 میں شادی کر لی تھی اور جب ونود اداکارہ ریکھا کو اپنی ماں سے ملوانے لے کر گئے تو انہوں نے ریکھا کو بہو تسلیم کرنے سے صاف انکار کر دیا۔
بھارتی صحافی یاسر عثمان کی جانب سے لکھی گئی ریکھا کی سوانح حیات میں اس بات کا تذکرہ کیا گیا ہے کہ جب ونود ریکھا کو ملوانے اپنے گھر لے کر گئے تو ان کی والدہ آپے سے باہر ہوگئیں اور انہوں نے ریکھا پر چیخنا شروع کردیا ساتھ ہی اداکارہ کو گالیاں بھی دیں۔
ریکھا کی سوانح حیات میں یہ بھی لکھا گیا کہ ونود مہرا کی والدہ اس قدر غصے میں تھیں کہ انہوں نے ریکھا کو مارنے کیلئے اپنی چپل بھی اتار لی تھی تاہم ونود مہرا نے انہیں انتہائی قدم اٹھانے سے روک دیا۔
کتاب میں مزید بتایا گیا ہے کہ ریکھا ونود کی والدہ کا یہ ردعمل دیکھ کر ششدر رہ گئیں اور فوری طور پر انہوں نے اداکار سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا۔
بعدازاں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ریکھا نے اعتراف بھی کیا کہ ونود مہرا کی والدہ مجھے بالکل پسند نہیں کرتی تھیں، وہ سمجھتی تھیں کہ میں اس وقت کی بدنام اداکارہ ہوں جس کا ماضی انتہائی خراب ہے۔