12 اکتوبر ، 2021
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مزید 5 کشمیری شہید ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں سرچ آپریشن کی آڑ میں5 کشمیریو ں کو شہید کیا۔
کے ایم ایس کا بتانا ہے کہ بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے علاقے تلران میں ایک،اسلام آباد میں ایک، باندی پورا میں ایک اور فیری پورا میں 2 نوجوانوں کو شہید کیا۔
گزشتہ دو دنوں میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے شہید کیے جانے والے کشمیریوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں سرچ آپریشن کے دوران ایک حملے میں افسر سمیت 5 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق قابض بھارتی فوج پر حملہ اُس وقت ہوا جب اہلکار ضلع پونچھ کے علاقے سرن کوٹ میں محاصرے اور گھر گھر تلاشی میں مصروف تھے۔