پاکستان
Time 13 اکتوبر ، 2021

عمران خان اہم تقرریاں جادو ٹونے سے کرتے ہیں: مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز  نے وزیراعظم  عمران خان پر  الزام عائد کیا ہے کہ یہ اہم تقرریاں جادو ٹونے سے کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نیب نے میری ضمانت منسوخی کی درخواست دی ہے، نیب میں ضمانت منسوخی کی درخواست دینے والے اپنے ہمدرد کو دیکھنا چاہتی ہوں، درخواست دینے والے شخص کا چہرہ قوم کو دکھانا چاہیے، درخواست دینے والے شخص کو21 نہیں 22 توپوں کی سلامی دینی چاہیے۔

مریم نواز کا کہنا تھا میں نہ گرفتاری سے ڈرتی ہوں اور نہ جعلی مقدمے سے ڈرتی ہوں، ضمانت منسوخ کریں اور گرفتار کریں تاکہ لوگوں کو پتا چلے کہ آپ کتنا ڈرتے ہیں۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان آئینی وزیراعظم نہیں ہیں، یہ اہم تقرریاں جادو ٹونے سے کرتے ہیں، جادو ٹونا اتنا ہی کامیاب ہے تو عوام کی بھلائی کے لیے استعمال کیوں نہیں کرتے؟

انہوں نے مزید کہا کہ جنتر منتر اتنا کامیاب ہے تو پیٹرول، ڈیزل، آٹا، سستا کریں، جب آپ جنات کے ذریعے یہ سب کریں تو یہ ہی ہو گا، جنات کچھ اور کہہ رہے ہیں اور آپ کا حساب کچھ اور، ایسے لوگوں پر ہنسی آتی ہے، اگریہی طریقہ رہا تو ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔

ان کا کہنا تھا کیا قوم کو بےوقوف سمجھ رکھا ہے؟ آج آپ کو ووٹ کو عزت دو یاد آگئی ہے، عمران خان کو نواز شریف بننے کی کوشش بھی نہیں کرنی چاہیے کیونکہ نواز شریف منتخب وزیراعظم تھے اور عوام کے ووٹ کی طاقت سے آئے تھے، عمران خان کی سیاسی پہچان کیا ہے؟ اور سیاسی تشخص کیا ہے؟ عمران خان کی پہچان منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش کرنا اور 126 دن کا دھرنا دینا ہے، نوکری چاکری کرنے والے کو صرف نوکری اور چوکری کرنی چاہیے نواز شریف نہیں بننا چاہیے۔

نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا شیر کی کھال پہن کر کوئی شیر نہیں بنتا، عمران خان کا اصول اور جمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، عمران خان کو سیاسی شہید بننے نہیں دیں گے اور انہیں اپنی سازشوں کا جواب دینا ہوگا، ن لیگ کی جدوجہد عمران خان جیسے شخص کے خلاف ہے۔

مزید خبریں :