پاکستان
Time 13 اکتوبر ، 2021

مریم نواز بتائیں کون سے جنات نے پیسے بیرون ملک منتقل کیے؟ شہباز گل

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گِل نے مریم نواز کو سیاست تک محدود رہنےکا مشورہ دے دیا۔

ایک بیان میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ مریم جادو ٹونے کی باتیں کرتی ہیں تو یہ بھی بتادیں کہ کون سے جنات نے پیسے بیرون ملک منتقل کیے؟

وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا ہےکہ نواز شریف سزایافتہ ہیں، ہم کیوں نوازشریف بنیں گے؟ نواز شریف مریم نواز کومبارک ہوں، عمران خان کی اپنی پہچان ہے، وہ قوم کے ہیرو ہیں۔

 فرخ حبیب کا کہنا ہےکہ ‏مریم صفدر جتنے مرضی جادوئی گلاس اٹھائیں یا الہٰ دین کا چراغ رگڑیں، کرپشن کا حساب دینا ہوگا،کرپشن کے مال سے بنائے لندن فلیٹس کی سزا جنتر منتر والے قطری خط سے ختم نہیں ہوگی، نہ اس کی سزا طوطا فال والے جعلی کیلبری فونٹ سے ختم  ہوگی۔

خیال رہےکہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ  عمران خان آئینی وزیراعظم نہیں ہیں، یہ اہم تقرریاں جادو ٹونے سے کرتے ہیں، جادو ٹونا اتنا ہی کامیاب ہے تو عوام کی بھلائی کے لیے استعمال کیوں نہیں کرتے؟

انہوں نے مزید کہا کہ جنتر منتر اتنا کامیاب ہے تو پیٹرول، ڈیزل، آٹا، سستا کریں، جب آپ جنات کے ذریعے یہ سب کریں تو یہ ہی ہو گا، جنات کچھ اور کہہ رہے ہیں اور آپ کا حساب کچھ اور، ایسے لوگوں پر ہنسی آتی ہے، اگریہی طریقہ رہا تو ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔

ان کا کہنا تھا کیا قوم کو بےوقوف سمجھ رکھا ہے؟ آج آپ کو ووٹ کو عزت دو یاد آگئی ہے، عمران خان کو نواز شریف بننے کی کوشش بھی نہیں کرنی چاہیے کیونکہ نواز شریف منتخب وزیراعظم تھے اور عوام کے ووٹ کی طاقت سے آئے تھے، عمران خان کی سیاسی پہچان کیا ہے؟ اور سیاسی تشخص کیا ہے؟ عمران خان کی پہچان منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش کرنا اور 126 دن کا دھرنا دینا ہے، نوکری چاکری کرنے والے کو صرف نوکری اور چاکری کرنی چاہیے نواز شریف نہیں بننا چاہیے۔

مزید خبریں :