آریان خان منشیات کیس، شاہ رخ خان کیلئے اچھی خبر سامنے آگئی

ضمانت کا فیصلہ نہ ہونے پر اب آریان کوآج کی رات بھی ممبئی کی سینٹرل جیل میں بسر کرنی ہوگی— فوٹو:فائل
ضمانت کا فیصلہ نہ ہونے پر اب آریان کوآج کی رات بھی ممبئی کی سینٹرل جیل میں بسر کرنی ہوگی— فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات کیس میں آج بھی ضمانت نہ مل سکی تاہم شاہ رخ خان کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے اعتراف کیا ہے کہ آریان خان سے کوئی برآمدگی نہیں ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر اسپیشل کورٹ میں سماعت ہوئی۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے کیس سے متعلق جواب عدالت میں جمع کرایا جس میں اعتراف کیا گیا ہے کہ آریان خان کے پاس سے کوئی برآمدگی نہیں ہوئی ہے۔

تاہم این سی بی نے آریان کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے کردار کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جاسکتا، آریان سے برآمدگی نہ ہونے کے باوجود وہ اس پورے معاملے میں شامل ہے۔

این سی بی نے آریان کا کیس بھی دیگر ملزمان سے الگ کرنے کی مخالفت کی اور کہا کہ آریان ایک بااثر شخص ہے جو ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرسکتے ہیں، یہ بھی صاف ہے کہ اچت کمار اور شیو راج نے آریان اور ارباز کو چرس سپلائی کی، یہ سب ملزمان ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

نارکوٹکس ایجنسی نے آریان پر انٹرنیشنل ڈرگز ڈیلر سے رابطوں کا بھی الزام لگایا۔

دوران سماعت آریان کے وکیل امیت دیسائی نے بھی دلائل دیے تاہم عدالت نے سماعت مقامی وقت کے مطابق کل 12 بجے تک ملتوی کردی۔

ضمانت کا فیصلہ نہ ہونے پر اب آریان کوآج کی رات بھی ممبئی کی سینٹرل جیل میں بسر کرنی ہوگی۔

خیال رہے کہ این سی بی نے 2 اکتوبر کی رات ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مار کر شاہ رخ کے بیٹے سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا تھا۔

مزید خبریں :