دنیا
Time 14 اکتوبر ، 2021

بھارتی عدالت نے بیوی کو سانپ سے ڈسوا کر قتل کرنیوالے شوہر کو سزا سنادی

ہ واقعہ گزشتہ سال مئی میں پیش آیا تھا جس کے بعد سورج کمار کو لڑکی کے اہلخانہ کی درخواست پر اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا/ فوٹو اے ایف پی
ہ واقعہ گزشتہ سال مئی میں پیش آیا تھا جس کے بعد سورج کمار کو لڑکی کے اہلخانہ کی درخواست پر اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا/ فوٹو اے ایف پی

بھارتی عدالت نے بیوی کو کوبرا سانپ سے ڈسوا کر قتل کرنے والے شوہر کو سزا سنادی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے مجرم 28 سالہ سورج کمار کو دو مرتبہ تاحیات قید کی سزا سنائی ہے جسے پراسیکیوٹر نے انتہائی غیر معمولی کیس قرار دیا۔

دورانِ سماعت پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ سورج کمار نے اپنی بیوی 25 سالہ اتھرا کو انتہائی خطرناک ناگ سے ڈسوایا جس کے بعد وہ تقریباً دو ماہ اسپتال میں زیر علاج رہی جب کہ اسپتال سے فارغ ہونے کے بعد وہ اپنے ماں باپ کے گھر منتقل ہوئی جہاں ملزم کوبرا سانپ لے کر پہنچا اور سوتے ہوئے بیوی کو سانپ سے ڈسوایا جس سے وہ جسم میں زہر پھیلنے سے ہلاک ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ سال مئی میں پیش آیا تھا جس کے بعد سورج کمار کو لڑکی کے اہلخانہ کی درخواست پر اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

لڑکی کے اہلخانہ نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کا داماد مزید جہیز کے لیے اہلیہ کو ہراساں کررہا ہے اور وہ اہلیہ کی موت کے بعد اس کی جائیداد پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

پولیس کے مطابق سورج اور اتھرا کی شادی میں بھاری بھرکم جہیز، 100 تولے سونا، ایک گاڑی اور 5 لاکھ روپے دیے گئے تھے جس پر شوہر کو ڈر تھا کہ طلاق کی صورت میں اس کی بیوی سب کچھ ساتھ لے جائے گی جس کے باعث اس نے بیوی کی جان لے لی۔

پیر کے روز کیرالا کی عدالت نے کیس میں سورج کمار کو مجرم قرار دیا تھا جس کا فیصلہ 14 اکتوبرکو سنایا گیا۔

پولیس کے مطابق ابتدا میں سورج کمار نے خود کو بے گناہ قرار دیا لیکن اس کے فون ریکارڈ سے ثابت ہوا کہ وہ سپیروں کے ساتھ رابطے میں تھا اور بیوی کو قتل کرنے سے پہلے سانپوں کی ویڈیوز بھی دیکھتا رہتا تھا جب کہ اس نے اہلیہ کو قتل کرنے کے لیے سانپ بھی سپیروں سے لیا تھا۔

مزید خبریں :