Time 14 اکتوبر ، 2021
پاکستان

افغان حکام کا نامناسب رویہ، پی آئی اے نے کابل آپریشن معطل کر دیا

پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے نے طالبان کے غیر مناسب رویے کے باعث افغانستان کے لیے فلائٹ آپریشن غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے کابل کے لیے اپنا آپریشن بند کرنے کا اعلان افغان حکام کی جانب سے بین الاقوامی پروازوں کے لیے جاری کردہ اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔

افغان سول ایوی ایشن اتھارٹی ( اے سی سی اے)کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ائیر لائنز  ٹکٹ کی قیمتیں 15 اگست 2021 سے پہلے والے ریٹ پر رکھیں، بصورت دیگر ان کا آپریشن بند کر دیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ائیر لائن کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان حکام کے نامناسب رویے کے باعث آج سے کابل کے لیے فلائٹ آپریشن معطل کر دیا ہے۔

طیارے بغیر انشورنس کابل نہیں جائیں گے: ترجمان پی آئی اے

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کابل کے لیے فضائی آپریشن غیر معینہ مدت کے لیے معطل کیا گیا ہے، آپریشن افغان حکام کے غیر مناسب رویے کی وجہ سے بند کیا گیا ہے، کابل میں غیرملکی فضائی آپریشن کیلئے غیر موزوں حالات بھی فیصلے کی وجہ ہیں۔

پی آئی اے کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ قومی ائیر لائن کے طیارے بغیر انشورنس کابل نہیں جائیں گے، افغان حکام کی جانب سے آخری لمحات میں فیصلوں کی تبدیلی بھی فلائٹ آپریشن بند کرنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔

افغان حکومت کے نائب ترجمان ذبیح اللہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ پی آئی اے اور کام ائیر سے اپنے ٹکٹوں کی قیمت 15 اگست سے پہلے والے ریٹ پر نہ رکھنے کے باعث فلائٹ آپریشن بند کرنے کا کہا ہے۔

افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ اے سی سی اے نے پی آئی اے اور افغانستان کی کام ائیر سے کہا تھا کہ اسلام آباد سے کابل کے فضائی ٹکٹ کی قیمتیں طالبان کی حکومت آنے سے پہلے والی رکھی جائیں۔

مزید خبریں :