14 اکتوبر ، 2021
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کے مطابق وزیراعظم نے بتایا ہے کہ سب چیزیں طے ہوگئی ہیں، ہماری اور فوج کی بہت اچھی انڈر اسٹینڈنگ ہے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد وزیرداخلہ شیخ رشید نے صحافیوں کو بتایا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی نئی تعیناتی کے لیے وزیراعظم نے انٹرویو کی کوئی بات نہیں کی، وزیراعظم سیاسی طور پر سوچ رہے تھے، فوج کا اپنا طریقہ کارہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بتایا ہےکہ سب چیزیں باہمی طور پر طے ہوگئی ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ حکومت اور فوج میں کسی قسم کی غلط فہمی نہیں ،عسکری قیادت سے مجھ سے زیادہ بہتر تعلقات کسی کے نہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کی تعیناتی میں تکنیکی خامی تھی جوٹھیک ہوجائےگی، انہوں نے مزیدکہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی سےمتعلق ابہام دور ہوگیا ہے۔