’شرطیہ کہتا ہوں آریان کہے گا اس نے زندگی کے بارے میں والد سے زیادہ جیل میں سیکھا‘

شاہ رخ خان کے اصل اور عقلمند مداحوں کو این سی بی کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ انہوں نے آریان کو سُپر ڈوپر اسٹار بنادیا —فوٹو: فائل
'شاہ رخ خان کے اصل اور عقلمند مداحوں کو این سی بی کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ انہوں نے آریان کو سُپر ڈوپر اسٹار بنادیا' —فوٹو: فائل 

بالی وڈ کے مشہور ہدایت کار رام گوپال ورما کا کہنا ہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو ( این سی بی) اور میڈیا  نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو سُپر اسٹار بنا دیا ہے۔

 رام گوپال ورما نے سوشل میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا  ہےکہ' میڈیا اور این سی بی نے آریان خان کو  سُپر اسٹار بنادیا ہے۔‘

انہوں نےکہا کہ 'شاہ رخ خان کے  اصل اور عقل مند مداحوں کو این سی بی کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ انہوں نے آریان کو سُپر ڈوپر اسٹار بنادیا۔‘

 ہدایتکار رام گوپال ورما  نے مزید کہا کہ 'میں شرطیہ کہتا ہوں کہ مستقبل میں آریان خان کہیں گے کہ انہوں  نے زندگی کے بارے میں اپنے والد کے مقابلے میں جیل اور این سی بی سے زیادہ سیکھا ہے۔‘

آریان خان گرفتاری کیس: کب کیا ہوا؟

این سی بی نے 2 اکتوبر کو  ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مار کر شاہ رخ کے بیٹے سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ہوئی سماعت کے دوران عدالت میں آریان کے وکیل اپنے دلائل میں کہا کہ آریان چھاپے کے روز کروز پر نہیں تھے، پولیس کو ان کے پاس سے کوئی منشیات برآمد ہوئی اور نہ ہی وہ منشیات فروش ہیں لہٰذا آریان کا جرم ایسا نہیں کہ ضمانت مسترد کیے جانے کی وجہ بن سکے۔

این سی بی کے وکیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے دوران تحقیق آریان کو منشیات کی غیر قانونی طور پر خریدوفروخت اور سازش میں ملوث پایا ہے لہٰذا آریان کی ضمانت نہیں ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ آریان خان ضمانت مسترد ہونے پر ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں 14 دن کی عدالتی تحویل میں ہیں۔

مزید خبریں :