کھیل
Time 16 اکتوبر ، 2021

بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے فیورٹ کھلاڑی بتا دیے

ملک کی نمائندگی کرنا فخر اور میگا ایونٹ میں کپتانی کرنا چیلنج ہے: بابر اعظم. فوٹو: فائل
ملک کی نمائندگی کرنا فخر اور میگا ایونٹ میں کپتانی کرنا چیلنج ہے: بابر اعظم. فوٹو: فائل

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے فیورٹ کھلاڑیوں کے بارے میں بتا دیا ہے۔

کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم بابر اعظم کا دبئی سے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا ملک کی نمائندگی کرنا فخر اور میگا ایونٹ میں کپتانی کرنا چیلنج ہے، ورلڈ کپ پہلی بار کھیل رہا ہوں اور خوشی ہے کہ ایونٹ میں کپتانی کر رہا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم اس بارے میں سوچ رہے ہیں کہ ایونٹ میں اچھا کرنا ہے، اچھی پرفارمنس سے اعتماد ملتا ہے، ٹورنامنٹ سے قبل فارم اچھی ہو تو اس کا فائدہ ہوتا ہے، میں ایونٹ شروع ہونے کا منتظرہوں۔

کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا جب پاکستان نے 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتا تو یہ قابل فخر لمحہ تھا، ہم اس مرتبہ پوری کوشش کریں گے کہ ایک بار پھر وہ لمحہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں ہم نے بہت کرکٹ کھیلی ہے، یہاں کی کنڈیشنز کا اندازہ ہے، کنڈیشنز کا ہمیں فائدہ ہے لیکن ہمیں ہر شعبے میں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے، یشنل ٹی ٹوئنٹی کے میچز کھیلنےکا فائدہ ہوا اس کے بعد ٹریننگ کیمپ ہوا، تمام کھلاڑی گروپ کی شکل میں رہے ہیں۔

صہیب مقصود کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے شعیب ملک کے حوالے سے کپتان قومی ٹیم کا کہنا تھا کہ شعیب ملک تجربہ کار ہیں اور ان کا شمار فٹ کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، شعیب ملک کو پلیئنگ الیون میں کھلانے سے متعلق ہمیں ابھی پلان بنانا ہے۔

قومی ٹیم میں کھلاڑیوں کی شمولیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شعیب ملک کا کہنا تھا ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ہوا لیکن کچھ کھلاڑی اچھے ٹچ میں نہیں تھے، کچھ کھلاڑیوں کی پرفارمنس اچھی نہ ہونے کی وجہ سے تبدیلیاں کرنا پڑیں، شعیب ملک، فخر زمان اور حیدرعلی ٹیم میں آئے۔

محمد رضوان کو بہترین وکٹ کیپربیٹر قرار دیتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا رضوان بہت اچھا کھیل رہے ہیں، وہ ہم سب کے لیے انسپائریشن ہیں۔

ان کا کہنا تھا محمد رضوان کے ساتھ کیمسٹری بہت اچھی ہے، ان کے ساتھ بیٹنگ کرنا اچھا لگتا ہے، کوشش ہو گی کہ محمد رضوان کے ساتھ مل کر لمبی اننگز کھیلوں۔

17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میں اپنے فیورٹ کھلاڑیوں کے حوالے سے بتاتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا ورلڈ کپ میں کین ولیمسن بیٹنگ اور حسن علی بولنگ میں فیورٹ ہیں۔

مزید خبریں :