Time 17 اکتوبر ، 2021
پاکستان

شہباز شریف اور فضل الرحمان کا مہنگائی کیخلاف تحریک چلانے کا فیصلہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔

ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے مہنگائی کے خلاف تحریک چلانے کا فیصلہ کیا۔ 

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے پارٹی صدر شہباز شریف کی ٹیلی فون پر مشاورت بھی ہوئی ہے اور انہوں نے ملک میں بدترین مہنگائی کے خلاف بھرپور تحریک چلانے کے فیصلے کی توثیق کی۔

دونوں رہنماؤں نے ملک کی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے پر اتفاق کیا۔

ن لیگ کے اعلامیے کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ قوم کو مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی تباہی سے نجات دلانے کیلئے گھروں سے نکلنا ہوگا۔

تحریک کے دوران ملک بھر میں احتجاج، احتجاجی ریلیاں اور مارچ ہوں گے۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے عوام پر بجلی بم گرادیا ہے اور اس کے ساتھ ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی 12 روپے 44 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کیا ہے۔

اُدھر اپوزیشن جماعتوں نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا ہے۔

مزید خبریں :