دنیا
Time 22 اکتوبر ، 2021

شوٹنگ کے دوران اداکار سے گولی چل گئی، خاتون ڈائریکٹر ہلاک

امریکی ریاست نیو میکسیکو میں فلم کی شوٹنگ کے دوران  اداکار  ایلیک بیلد ون سے حقیقت میں گولی چل گئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق میکسیکو میں فلم کی شوٹنگ چل رہی تھی کہ اس دوران حادثاتی طور پر گولی چل گئی جس کے نتیجے میں موقع پر موجود ایک خاتون ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والی  خاتون 42 سالہ ہیلینا ہچنس ڈائریکٹر آف فوٹوگرافی تھیں۔

ہلاک ہونے والی خاتون ہیلینا ہچنس ڈائریکٹر آف فوٹوگرافی تھیں— فوٹو: بی بی سی
ہلاک ہونے والی خاتون ہیلینا ہچنس ڈائریکٹر آف فوٹوگرافی تھیں— فوٹو: بی بی سی

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے اور اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شوٹنگ کے دوران اصلی بندوق نہیں بلکہ فلموں میں استعمال ہونے والی گن ہی استعمال کی جارہی تھی۔

خیال رہے کہ شوٹنگ کے دوران استعمال ہونے والی بندوق سے ہلاکت شاذ و نادر ہی سننے میں آتی ہے۔ اس سے قبل 1993 میں معروف مارشل آرٹس ہیرو بروس لی کے بیٹے برینڈن لی کے ساتھ بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا۔

برینڈن لی 1993 میں فلم ’The Crow‘ کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکار کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے تھے۔ ان کی عمر محض 28 برس تھی۔ 

اس خبر کے سامنے آنے کے بعد برینڈن لی کے اہل خانہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ شوٹنگ کے دوران کسی کے بھی ساتھ ایسا واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے۔

خیال رہے کہ شوٹنگ کے لیے عام طور پر جو بندوقیں استعمال کی جاتی ہیں ان میں اصلی گولی کی جگہ ’Blanks‘ استعمال کیے جاتے ہیں۔ ان میں خول اور بارود اصلی گولی جیسا ہی ہوتا ہے تاہم لوہے کا وہ بیرونی حصہ (Projectile) نہیں ہوتا جو اصلی گولی میں تیزی سے نکل کر نشانے کو چیر دیتا ہے۔

Blanks بھی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں کیوں کہ اس کو چلانے سے بھی چنگاری اور پریشر اصلی گولی جیسا ہی پیدا ہوتا ہے۔

مزید خبریں :