22 اکتوبر ، 2021
کالعدم جماعت کے احتجاج کے باعث لاہور کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی جب کہ راولپنڈی میں بھی راستے بند کرکے میٹرو بس سروس معطل کردی گئی ہے۔
وزارت داخلہ نے گزشتہ روز پی ٹی اے کو خط لکھ کر لاہور کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی ہدایت کی تھی۔
لاہور میں آج ملتان روڈ، گرینڈ بیٹری اسٹاپ، اقبال ٹاؤن، نواں کوٹ، سمن آباد اور سبزہ زار میں انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے۔
اس کےعلاوہ ملتان روڈ پر سمن آباد موڑ کے قریب اورگرڈ اسٹیشن اسٹاپ پر کنٹینرز لگادیے گئے ہیں جب کہ علامہ اقبال ٹاؤن میں بلیوارڈ پر بھی دبئی چوک میں بھی کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔
شہر کے داخلی وخارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے۔
سڑکیں بند ہونے سے شہریوں اور مقامی رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ادھر راولپنڈی میں بھی کالعدم تنظیم کے متوقع لانگ مارچ کے پیش نظر،سکیورٹی کے سخت انتظامات کردیے گئے ہیں اور متعدد راستے بند ہیں۔
راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بند کردی گئی ہے جو صدر سے فیض آباد تک بند رہے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہےکہ آئی جے پی روڈ سے سیکرٹریٹ تک میٹرو بس چلے گی۔
انتظامیہ نے اندرون شہر راولپنڈی کے بیشتر راستے بند کردیے ہیں جن میں سکستھ روڈ پر کنٹینرز لگا کر فیض آباد کی طرف جانے والا راستہ بند کردیا گیا جب کہ فیض آباد اوجڑی کیمپ کی روڈ کو بند کرکے سیل کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ شاہین چوک اور فیض آباد انٹرچینج کو بھی کنٹینر لگا کر مکمل بند کردیا گیا ہے۔
مری روڈ پر جگہ جگہ کنٹینر کھڑے کرنے کے باعث متعدد ایمبولینسز پھنس گئیں جس کےباعث بے نظیر اسپتال سے پمز شفٹ ہونے والے مریضو کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔