پاکستان
Time 22 اکتوبر ، 2021

چھاتی کے سرطان سے آگاہی دینے کیلئے سیمینار کا انعقاد

سیمینار نجی یونیورسٹی میں منعقد کیا گیا جس میں بریسٹ کینسر کے موضوع پر بنائی گئی مختصر فلم ’مسکان‘ بھی پیش کی گئی— فوٹو: نادر گبول ٹوئٹر
سیمینار نجی یونیورسٹی میں منعقد کیا گیا جس میں بریسٹ کینسر کے موضوع پر بنائی گئی مختصر فلم ’مسکان‘ بھی پیش کی گئی— فوٹو: نادر گبول ٹوئٹر

کراچی میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی دینے کیلئے سینیمار کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

بریسٹ کینسر آگاہی سیمینار کراچی کی نجی یونیورسٹی میں کمیونٹی سپورٹ پروگرام (سی ایس پی ) اور میکسل اسٹوڈیوز کی شراکت سے منعقد کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی وائس پریزیڈنٹ پیپلز پارٹی یوتھ ونگ نادر نبیل گبول تھے جنہوں نے طلبہ کی کوششوں کو سراہا اور میکسل اسٹوڈیوز کی جانب سے پیش کی گئی شارٹ فلم ’مسکان‘ پر اپنی مثبت رائے دی۔

 نادر گبول نے کہا کہ ’بریسٹ کینسر‘ پر بنائی گئی یہ مختصر فلم پاکستان بھر کے کالجوں، جامعات اور اداروں میں دکھائی جانی چاہیے۔

تقریب میں سمیرا افضل، میڈیکل کنسلٹنٹ اونکولوجی ڈاکٹر مریم نعمان نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر مریم نے کہا کہ پاکستان میں ہر 9 میں سے ایک خاتون اس مرض کا شکار ہوسکتی ہے البتہ جلد تشخیص کے باعث 95 فیصد تک مریض اس جان لیوا مرض سے بچ سکتے ہیں۔

اس موقع پر طالب علموں نے سی ایس پی ٹیم کی جانب سے بریسٹ کینسر اسپتال کے قیام کے لیے چندہ اکھٹا کیا۔

تقریب سے خطاب میں شارٹ فلم ’مسکان‘ کے ڈائریکٹر ایس ارسلان نے واضح کیا کہ مسکان فقط ایک شارٹ فلم نہیں بلکہ آگاہی کی جانب میکسل اسٹوڈیوز کی طرف سے پہلا قدم ہے جس کے ذریعے ان کی ٹیم قوم و ملت کے لیے صحت اور سماجی مسائل اور ان کے حل کے لیے ایسی مزید فلمیں بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔