پاکستان
Time 23 اکتوبر ، 2021

اسد عمر نے مہنگائی کیخلاف اپوزیشن کے احتجاج کو پیالی میں طوفان قرار دے دیا

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے مہنگائی کیخلاف اپوزیشن کے احتجاج کو پیالی میں طوفان قرار دے دیا۔

وفاقی وزیراسد عمرنے  واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی لہر صرف پاکستان میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خاتمے کی با تیں چھٹی بار کی گئی ہیں ، اللہ نے جو لکھا ہے وہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے پاکستانی نژاد امریکی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں اور ہم سرمایہ کاری میں تیزی کیلئے کام کررہے ہیں۔

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے 2،3 ماہ میں 200 ارب کے پراجیکٹس کی منظوری دی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ طالبان کا رویہ مثبت ہے، وہ تعمیری انداز میں دنیا کے ساتھ تعلقات چاہتےہیں جبکہ امید ہے دنیا افغانستان کے حوالے سے دوبارہ غلطی نہیں کرےگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں تمام دھڑوں پر مشتمل حکومت کے خواہشمند ہیں۔ 

واضح رہے کہ جمعے کے روز اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی کال پر ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

کراچی، لاہور، پشاور، سکھر سمیت مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔

مظاہرین نے یوٹیلٹی بلز اور روٹیاں اٹھا کر احتجاج کیا بعد ازاں اپنے بلز بھی جلائے۔

مزید خبریں :