ویڈیو: علی عظمت نے نور جہاں سے متعلق نامناسب الفاظ پر وضاحت کردی

معروف پاکستانی گلوکار علی عظمت نے نور جہاں سے متعلق استعمال کیے جانیوالے الفاظ کی وضاحت پیش کی ہے۔

فیس بک پر جاری بیان میں علی عظمت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے حوالے سے ایک مہم چلائی جارہی ہے جس میں علی عظمت اور نورجہاں کا مقابلہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  احمد علی بٹ، محمد علی بٹ اور حنا درانی میری فیملی ہیں، میں ان سے بہت پیار کرتا ہوں اور ان کی عزت بھی کرتا ہوں اور ان سب سے زیادہ میں میڈم نور جہاں کی عزت کرتا ہوں۔

گلوکار نے کہا کہ جن صاحب نے بھی ویڈیو لگائی ہے وہ ایڈٹ کرکے لگائی ہے، ویڈیو کا کچھ حصہ پوسٹ کیا گیا ہے، ملکہ ترنم کے حوالے سے جو بات کی ہے وہ بات بالکل سچ ہے، میں نے اپنے بچپن کے بارے میں بات کی ہے اس زمانے میں صرف پی ٹی وی چلتا تھا، اس وقت نور جہاں کی پریزنٹیشن اچھی نہیں تھی۔

علی عظمت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پی ٹی وی پر نور جہاں کو جیسے دکھایا جاتا تھا وہ بالکل اچھا نہیں لگتا تھا مگر بعد میں جب ہم بڑے ہوئے تو ہمیں نور جہاں سے زیادہ پسند ہی کوئی نہیں تھا، اس حوالے سے مختلف فنکار بھی گواہی دیں گے کہ ہم نور جہاں اور ان کی گائیکی کو بہت پسند کرتے تھے۔

واضح رہے کہ علی عظمت نے ایک شو کے دوران ملکہ ترنم کے بارے میں کہا تھا کہ میرے بچپن میں نورجہاں ساڑھی کے ساتھ بڑے بڑے جھمکے پہن کے اور اضافی میک کرکے گانے گاتی تھیں، اس وقت ہمیں ان سے چڑ ہوتی تھی۔

مزید خبریں :