23 اکتوبر ، 2021
بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بڑے ٹاکرے سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی پریکٹس کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی نیٹ پریکٹس کی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔
ویڈیو میں بابر اعظم کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ جب بھی ہوٹل سے نکل کر آتے ہیں تو گول سیٹ کر کے آتے ہیں کہ کس طرح کی ٹریننگ کرنی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں ٹریننگ کا پلان رات کو بناتا ہوں اور ٹریننگ میں کوشش ہوتی ہے جو کمزوریاں ہیں ان پر کام کیا جائے، کوشش ہوتی ہے جو میرا مضبوط ایریا ہے اس پر مزید کام کیا جائے۔
بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پریکٹس میں 100 فیصد دینے کی کوشش ہوتی ہے کیونکہ پریکٹس میں 100 فیصد ہو گا تو میچ میں بھی ایسا ہی ہو گا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ ایسا ایونٹ ہوتا ہے جس میں سب ٹیمیں تیار ہو کر آتی ہیں، ہم بھی ورلڈ کپ میں مکمل تیار ہو کر جا رہے ہیں، ہماری کوشش یہی ہے کہ گراونڈ میں 100 فیصد دیں۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کل بروز اتوار 24 اکتوبر کو مدمقابل ہوں گے۔