کھیل
Time 24 اکتوبر ، 2021

پاکستانی شاہین بھارتی سورماؤں پر جھپٹنے کو تیار،سنسنی خیز مقابلے میں چند گھنٹے باقی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ  میں پاکستانی شاہین بھارتی سورماؤں کو زیر کرنے کا عزم لیے آج میدان میں اتریں گے۔

دنیائے کرکٹ کی دو بڑی ٹیمیں پاکستان اور بھارت دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی جہاں کھلاڑیوں کے جوش کے ساتھ تماشائیوں کا جنون بھی ہے۔  

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ ایک سیر تو دوسرا سوا سیر ہے، کون کس پر بازی لے جائے، رائے دینے والے اور  پیش گوئی کرنے والے سب ہی محتاط ہیں۔

پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے میچ شروع ہوگا۔

پاک بھارت ہمیشہ ایک بڑا میچ ہوتا ہے اعصاب پر قابو پانا ہوتا ہے، بابر اعظم

پاک بھارت میچ کے حوالے سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھاکہ ہم نے ریلیکس رہنا ہے، دباؤ نہیں لینا، خود پر اعتماد ہے سو فیصد کھیل پیش کریں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ پہلے دو میچز بہت اہم ہیں لیکن ہمیں اعتماد ہے کہ ہم اچھا کھیلیں گے، پاک بھارت ہمیشہ ایک بڑا میچ ہوتا ہے اعصاب پر قابو پانا ہوتا ہے۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ ہرٹیم کی اپنی قوت ہوتی ہے اور ہماری بولنگ ہمیشہ اچھی رہی ہے، ہمارے بولرزاچھے اور تجربہ کار ہیں۔

بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان سمیت ہر ٹیم کے خلاف ہماری تیاری مکمل ہے۔

ان کا کہناتھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہم نے کبھی ریکارڈ کے بارے میں نہیں سوچا، ہم ماضی کے ریکارڈ کو نہیں دیکھتے کیونکہ اس سے توجہ ٹورنامنٹ سے ہٹ جاتی ہے۔

پاکستانی ٹیم سے متعلق سوال پر ویرات کوہلی کا کہنا تھا میرے حساب سے پاکستانی ٹیم مضبوط ہے اور مضبوط رہی ہے۔

بھارت سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ممکنہ 12 کھلاڑیوں کا اعلان

بھارت سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ممکنہ 12 کھلاڑیوں کا اعلان ہوگیا ہے جن میں  کپتان بابراعظم، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، حیدر علی، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث روف شامل ہیں۔

بھارت کے خلاف پلیئنگ الیون کا اعلان میچ سے قبل کیا جائے گا۔

 وزیر اعظم بھی پاکستان کی جیت کیلئے پُرامید

وزیراعظم عمران خان نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ میں گرین شرٹس کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان ٹیم میں ٹیلنٹ موجود ہے اور ٹیم بھارت کے خلاف کامیاب ہو گی۔

عمران خان کا کہناتھا کہ دعا ہے قومی ٹیم بھارت کو شکست دے، ان شاء اللہ بھارت سے ضرور جیتیں گے۔

میچ کیلئے بڑی اسکرینیں لگائی جائیں گی

ملک بھر میں پاک بھارت میچ کیلئے اسکرینیں لگائیں جائیں گی۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی ایف نائن پارک میں بڑی اسکرین پر میچ دکھایا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق شائقین کرکٹ فری انٹری کے ساتھ پاک بھارت میچ بڑی اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔

اس کے علاوہ کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر میں مختلف مقامات پر بڑی اسکرینوں پر پاک بھارت میچ دکھایا جائے گا۔

مزید خبریں :