25 اکتوبر ، 2021
بھارتی فلمی ناقد اور اداکار کمال راشد خان المعروف کے آر کے نے پاکستان کی شاندار فتح کے بعد پاکستانی ٹیم کا گلی کرکٹ ٹیم سے موازنہ کرنے پر معافی مانگ لی۔
کے آر کے نے پاکستانی ٹیم کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے متعدد ٹوئٹس کیں جن میں انہوں نے جہاں بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں پاکستانی کپتان بابراعظم کی تعریف کی۔
کمال راشد نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ آج میں نے پاکستانی ٹیم کو تقریباً پانچ چھ سال بعد کھیلتے دیکھا، مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ ٹیم اتنی اچھی کارکردگی پیش کرسکتی ہے۔
فلم ناقد نے کہا کہ میں اس ٹیم کو جوہو کی گلیوں کی کرکٹ ٹیم سے ملانے پر معافی چاہتا ہوں۔
دوسری جانب کے آر کے نے ویرات کوہلی سے کپتانی کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔
کے آر کے نے قومی ٹیم کے بولر شاہین شاہ آفریدی کی بھی تعریف کی اور بابر اعظم کو ویرات کوہلی سے بڑا کھلاڑی قرار دیا۔