28 اکتوبر ، 2021
بالی وڈ شاہ رخ خان کے بیٹے کی ضمانت منظور ہونے کے بعد وکلا کی ٹیم کے ساتھ تصویر منظر عام پر آگئی۔
بمبئی ہائیکورٹ نے منشیات کیس میں آریان سمیت 3 ملزمان کی ضمانت کی درخواست منظور کرلی ہے۔ ضمانت منظوری کے بعد اگلے ایک دو روز میں آریان کی ممبئی کی سینٹرل جیل سے رہائی کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان کی ضمانت منظور ہونے کے بعد ان کے وکلا کی ٹیم نے شاہ رخ خان سے ملاقات کی۔
ملاقات کی تصاویر بھارتی میڈیا نے جاری کی ہیں اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہ رخ خان انتہائی خوش دکھائی دے رہے ہیں۔
شاہ رخ خان کی وکلا کی ٹیم سے ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
خیال رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل کے قریب ایک کروز شپ پر چھاپہ مار کر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آریان خان اور دیگر افراد کو حراست میں لیا تھا۔
آریان خان اور دیگر 18 افراد اس کیس میں 8 اکتوبر سے جیل میں ہیں تاہم آج ان کی ضمانت منظور ہوگئی۔