29 اکتوبر ، 2021
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہےکہ شعیب اختر کے ساتھ پیش آئے واقعے پر وزیراعظم نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے اور ہم اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ سرکاری ٹی وی پر بہت برا ہوا، کوئی بھی عہدے کا غلط استعمال نہیں کرسکتا، عام پاکستانی کی بھی اتنی ہی عزت ہےجتنی کسی سیاستدان یا وزیر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نعمان نیاز نے حد کردی، شعیب اختر نے دنیا میں پاکستان کا جھنڈا اونچا کیا، اگر دنیا میں کسی نے ایک گیند سے ہندوستانیوں کو چپ کرایا تو وہ شعیب اختر تھا، قومی ہیروز کے ساتھ ایسے نہیں ہوتا، نعمان نیاز کو سوچناچاہیے تھا، شعیب اختر نے اپنے مزاج کے خلاف بہت صبر سے کام لیا۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پتا چلا ہےکہ کل نعمان نیاز نے شو نہیں ہونے دیا، پی ٹی وی کسی کی ملکیت نہیں، ایسا صدر یا وزیراعظم بھی نہیں کرسکتا، نعمان نیاز نے شعیب کی نہیں پوری قوم کی بے عزتی کی ہے، شعیب اختر ہمارے اسٹار ہیں اور وہ بے داغ انسان ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر وزیراعظم بھی افسردہ ہوئے، کابینہ میں بھی اس پر بات ہوئی ہے کہ نعمان نیاز کو ہٹایا جائے، اس معاملے کی تحقیقات ہوں گی۔
شعیب اختر کو آف ائیر کرنے سے متعلق علی محمد خان کا کہنا تھا کہ یہ بہت معیوب کام ہوا، شعیب اختر کو کیسے بین کرسکتے ہیں، یہ تو مظلوم کو سزا دینے جیسا ہے، جب شعیب نے پروگرام میں استعفیٰ دیا تو کس طرح انہیں آف ائیر کیا گیا، ہم اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، کمیٹی اس معاملے کا پورا نوٹس لے گی۔