29 اکتوبر ، 2021
بمبئی ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت منظور ہونے کے باوجود آج شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو رہائی نہ مل سکی۔
منشیات کیس میں ضمانت کے طریقہ کار پر عمل میں تاخیر کی وجہ سے آریان کو مزید ایک دن جیل میں رہنا پڑے گا۔
ممبئی جیل حکام کے مطابق آریان خان کو اب کل صبح تک جیل سے رہا کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت سے جاری رہائی کے احکامات کی کاپی مقررہ وقت پر جیل پہنچائی جانی تھی تاہم ایسا نہ ہونے پر ان کی رہائی عمل میں نہ آسکی۔
خیال رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل کے قریب ایک کروز شپ پر چھاپہ مار کر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آریان خان اور دیگر افراد کو حراست میں لیا تھا۔
آریان خان اور دیگر 18 افراد اس کیس میں 8 اکتوبر سے جیل میں ہیں ، گزشتہ روز آریان خان کی ضمانت منظور کی گئی تھی۔