Geo News
Geo News

Time 30 اکتوبر ، 2021
پاکستان

پولیس کی ناکامی پر مالک نے پالتو گائے خود بازیاب کروالی، پورے گاؤں میں جشن

فیصل آباد میں مالک کی گائے سے والہانہ محبت کی مثال اس وقت دیکھنے کو ملی جب چوری ہونے والی پالتو گائے 6 ماہ واپس ملی تو پورے گاؤں میں جشن منایا گیا۔

فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ کے گاؤں 240 گ ب میں چھ ماہ قبل ذوالفقار علی کی پالتو گائے چوری ہو گئی تھی جس کا مقدمہ درج کروانے کے باوجود بھی پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہ ہونے پر گائے کی محبت میں گرفتار ذوالفقار خود اپنی گائے کی تلاش میں نکل کھڑا ہوا اور چھ ماہ کی سخت جدوجہد کے بعد سرگودھا کے علاقے سے اپنی گائے بازیاب کروانے میں کامیاب ہو گیا۔

گائے کی واپسی پر گاؤں میں جشن منایا گیا اور مکینوں نے مالک کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ڈھول کی تھاپ پر  بھنگڑے ڈال کر گائے کا استقبال کیا۔ 

گائے کو پورے گاؤں کی گلیوں میں گھمایا گیا اور مالک کی جانب سے گاؤں کے تمام مکینوں کو کھانا بھی کھلایا گیا۔