31 اکتوبر ، 2021
یوٹیلٹی اسٹورز پر ایک بار پھر مختلف اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کی ایک کلو چائے کی پتی 100سے 200 روپے مہنگی کر دی گئی ہے جبکہ بچوں کا 500 گرام فارمولا دودھ 60 روپے اور ایک کلو کپڑے دھونے کا پاوڈر 10 روپے مہنگا کر دیا گیا ہے۔
سرکاری اسٹورز پر کافی کے 100 گرام جار کی قیمت 50 روپے تک بڑھا دی گئی ہے، اسی طرح ایک کلو کسٹرڈ کے 300 گرام کا پیکٹ 5 روپے،کارن فلور 300 گرام 20 روپے، 250 گرام شہد 95 روپے تک مہنگا کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، گوجرانوالا اور کوئٹہ میں چینی کی قیمت 120روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
ترجمان یوٹیلٹی اسٹورز کا کہنا ہے کہ اسٹورز پر چینی، دال، آٹا اور گھی سمیت 5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی دی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی اوگرا کی تجویز مسترد کر دی تھی۔