31 اکتوبر ، 2021
حکومت سے معاہدے کے بعد وزیر آباد میں موجود کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے کارکنوں نے سامان باندھ لیا۔
اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے والی کالعدم ٹی ایل پی کے کارکن تین روز سے وزیرآباد میں موجود ہیں۔
کالعدم تنظیم کے کارکنان کی جانب سے دیے جانے والے دھرنے کے سبب گوجرانوالا اور وزیرآباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں نظام زندگی مفلوج ہے اور انٹرنیٹ سروس بھی بند ہے۔
حکومت سے معاہدے کے بعد مظاہرین نے سامان باندھ لیا۔
راستے بند ہونے کے باعث کنٹینرز میں پڑا مال خراب ہونے لگا جبکہ دریا کے پُل بند ہونے کی وجہ سے شہری کشتیوں میں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
راولپنڈی میں فیض آباد انٹر چینج سے صدر تک مری روڈ بھی بند کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے درمیان معاملے طے پا گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومتی وفد اور کالعدم تنظیم کی قیادت کے درمیان رات گئے مذاکرات ہوئے، حکومتی وفد میں شاہ محمود قریشی، اسد قیصر اور علی محمد خان شامل تھے جبکہ مذاکرات میں کالعدم تنظیم کے سربراہ سعد رضوی بھی شریک تھے۔