01 نومبر ، 2021
پاکستان کو شاندار کارکردگی سے فتح دلانے والے پاور ہٹر محمد آصف کا کہنا ہےکہ اگر ٹیم ورلڈکپ جیت گئی تو سب کھلاڑی فتح میری بیٹی کے نام کریں گے۔
سوشل میڈیا پر محمد آصف کا ایک انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے کینسر کے مرض میں مبتلا ہوکر انتقال کر جانے والی دو برس کی بیٹی سے متعلق گفتگو کی۔
آصف علی کا کہنا تھا کہ ہر انسان کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی اولاد ایک بہترین زندگی گزارے لیکن اللہ نے میری بیٹی کے نصیب میں یہی لکھا ہوا تھا جس پر میں خوش ہوں۔
قومی کرکٹر نے کہا کہ میں ایک سال سے بھاگ رہا تھا اس دوران میں نے کرکٹ بھی کھیلی، پی ایس ایل بھی کھیلی، پاکستان کے لیے ٹور بھی کیے، اس دوران بیٹی بھی بیمار رہی لیکن مجھے فیملی کی مکمل سپورٹ رہی، میری اہلیہ سمیت بھائیوں نے بھی میرا بھرپور ساتھ دیا۔
بیٹی کی بیماری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے آصف علی کا کہنا تھا کہ بیٹی کی بیماری کے دوران ہم نے 20 سے 25 ڈاکٹرز تبدیل کیے، بیٹی پر دوائیاں اثر نہیں کرتی تھیں تو ہماری خواہش ہوتی تھی کہ کوئی مزید اچھا ڈاکٹرز مل جائے، جو صورتحال میری بیٹی کی تھی آنکھوں سے نہیں دیکھی جاتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہر والدین چاہتے ہیں کہ ان کی اولاد خوش رہے، تکلیف کے باعث کئی کئی راتیں بیٹی سوتی نہیں تھیں تو اللہ سے دعا کرتا تھا کہ بیٹی کی تکلیف دور کردے یا پھر اسے اپنے پاس بلالے۔
آصف علی کا کہنا تھا کہ میں نے سب کھلاڑیوں سے درخواست کی ہے اگر پاکستان اس بار ورلڈکپ جیتے تو سب اس فتح کو میری بیٹی کے نام کریں گے، سب کھلاڑیوں نے اس حوالے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انشاء اس بار ورلڈکپ میں جو جیت ہوگی وہ آپ کی بیٹی کے نام ہوگی۔