01 نومبر ، 2021
کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی اور ان کے بھائی انس رضوی سمیت سیکڑوں مظاہرین کےخلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔
کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ اور دیگر مظاہرین کے خلاف وزیرآباد کے تھانہ صدر اور تھانہ سٹی میں مقدمات درج کیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وزیر آباد میں درج مقدمات میں 207 نامزد اور 600 نامعلوم ملزمان شامل ہیں جبکہ مقدمات میں سعد رضوی، اس کا بھائی انس رضوی اور رکن سندھ اسمبلی قاسم فخری بھی نامزد ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمات میں روڈ بلاک کرنے اور لوگوں کو ڈرانے دھمکانے کے الزامات ہیں جبکہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی دفعات شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا۔
ذرائع کے مطابق معاہدے کے تحت کالعدم تنظیم آئندہ کسی لانگ مارچ یا دھرنے سے گریز کرےگی اور آئندہ بطور سیاسی جماعت سیاسی دھارے میں شریک ہوگی۔
اس کے علاوہ معاہدےکے بعدکالعدم تنظیم کے مظاہرین نےجی ٹی روڈ خالی کردیا ہے۔