02 نومبر ، 2021
وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی و سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔
اعلامیے کے مطابق کابینہ اجلاس میں ملک بھر میں احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کی اصولی منظوری دی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غریب آدمی کو مہنگائی کے پیش نظر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے احساس آرڈیننس 2021 اور ڈاکٹر عنایت حسین کو بطور ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کرنے کی منظوری دی۔
اجلاس میں کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ خطے کے ديگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں آٹا، چنے، دال ماش، دال مونگ، ٹماٹر، پیاز، چکن اور پیٹرول کی قیمتیں کم ہیں۔
کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وزارت خارجہ اور وزارت دفاع اپنے زیراستعمال بلڈنگز کی خود دیکھ بھال کریں گی، وزارت خارجہ اور وزارت دفاع کو تعمیراتی منصوبہ شروع کرنے سے پہلے این او سی بھی لینا ہوگا۔
کابینہ نے ملازمین کیلئے الاٹمنٹ پالیسی مرتب کرنے کیلئے کمیٹی قائم کردی۔