پاکستان
Time 03 نومبر ، 2021

ملک میں چینی کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی

ملک بھر میں چینی کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ ہوگیا ہے اور  پشاور میں تو چینی نے پیٹرول کو  بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

پشاور میں کریانہ پر ایک کلو چینی کی قیمت 140 سے 145 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

 کراچی اور کوئٹہ میں ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 124 روپے تک جا پہنچی ہے۔

لاہور میں ہول سیل مارکیٹ میں چینی کے نرخ  120 سے 124 روپے جب کہ ریٹیل میں چینی 130 روپے تک مل رہی ہے۔

لاہور میں اکثر دکانوں پرپاکستانی چینی دستیاب نہیں، دکاندار کہتے ہیں کہ 125روپے کلو تھوک میں چینی خرید کر کیسےسستی بیچیں۔

دوسری جانب گاہکوں کا کہنا ہےکہ وہ 130 روپے کلو چینی خریدنے پر مجبور ہیں، درآمدی چینی 90 روپےکلو مخصوص دکانوں پر دستیاب ہے، مگر وہ باریک اور مٹھاس میں کم ہے اور زیادہ استعمال کرنا پڑتی ہے۔

چینی کی قیمت روز بروز  بڑھنے اور  مہنگائی پرشہریوں نے مایوسی کا اظہار کیا ہے، شہریوں کا کہنا ہےکہ  آمدن کم ہے اور مہنگائی دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے، گھرکا گزر بسر مشکل ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :