04 نومبر ، 2021
بھارتی کرکٹ ٹیم کے جارحانہ بلے باز یووراج سنگھ نے ریٹائرمنٹ کے دو سال بعد ایک مرتبہ پھر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا۔
ٹی 20 مقابلے میں انگلش بولربراڈ کے ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگانے والے یووراج سنگھ نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اپنی واپسی کی اطلاع دی۔
انہوں نے لکھا کہ خدا آپ کی تقدیر کا فیصلہ کرتا ہے! عوام کی پرزور فرمائش پر اگلے سال فروری میں کھیل کے میدان میں نظر آؤں گا۔
کرکٹر نے مداحوں کی محبت اور نیک تمناؤں کے اظہار پر شکریہ ادا بھی کیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے، بھارت کی اسی طرح حمایت کرتے رہیں، ایک حقیقی مداح مشکل وقت میں ٹیم کو سپورٹ کرتا ہے۔
واضح رہےکہ کرکٹ ورلڈکپ 2011 کے بعد یووراج سنگھ میں کینسر کے مرض کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہیں کچھ عرصے کے لیے کرکٹ سے دور ہونا پڑا۔
صحت یاب ہونے کے بعد وہ ایک مرتبہ پھر ٹیم میں شامل ہوئے اور وقفے وقفے سے ٹیم میں ان اور آؤٹ ہوتے رہے۔
تاہم جون 2019 کو ممبئی میں پریس کانفرنس کے دوران کرکٹر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔